//

بارشوں اورآندھی سے ہونےوالے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں

پنجاب میں آندھی اور بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہو گئے۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق زیادہ تر حادثات دیواریں اور چھتیں گرنے کے باعث پیش آئے۔

گوجرانوالہ میں مختلف بارش سے متعلق حادثات میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 زخمی ہوئے۔ پاکپتن میں مکان کی کچی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

ساہیوال اور ہڑپہ میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ لاہور کے علاقے گلشن راوی، بند روڈ کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔

کامونکی کے انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہونے سے ایک بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے مختلف دیہات میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے۔

بہاولنگر میں خان بابا روڈ، الجنت چوک کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ سیالکوٹ میں بارش کے باعث ٹی آر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق مری اور کہوٹہ میں جزوی لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close