اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ملک کے جدید ترین کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مالیاتی بولی کھول دی، جس میں حبیب، زیڈ کے بی اور ای اے کے مشترکہ کنسورشیم نے 8 ارب 90 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر ٹھیکہ حاصل کر لیا۔
سی ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق نیسپاک کی جانب سے بولی کو مناسب قرار دیے جانے کے بعد منصوبے کا ٹھیکہ باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق نیا کرکٹ اسٹیڈیم سیکٹر ڈی-12 کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر کیا جائے گا اور اسے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی طرز پر ڈیزائن کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ منصوبے پر وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ماحولیات خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کامیاب کنسورشیم کو قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کا وسیع تجربہ حاصل ہے، جبکہ منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کے ساتھ تین کلومیٹر طویل تین رویہ سڑکیں اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
سی ڈی اے نے بتایا کہ تمام قانونی اور پیپرا تقاضے مکمل کرنے کے بعد بولی کھولی گئی، جبکہ حتمی منظوری سے قبل کنسلٹنٹ پیش کردہ نرخوں کی معقولیت کا جائزہ لے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






