//

موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج رات خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں درمیانی سے شدید موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

منگل کے روز بھی خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات سے بدھ تک بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارشوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز آندھی، موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close