آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کے مجوزہ نظام اور کم مارجن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج ہونے والے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معاملے پر بات چیت کے لیے ایسوسی ایشن کو مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان آج شام 4 بجے اجلاس متوقع ہے، جس میں ڈیلرز کے کمیشن میں اضافے، قیمتوں کے نئے نظام، سپلائی کے مسائل اور دیگر مطالبات پر گفتگو کی جائے گی۔
ایسوسی ایشن کے رہنما انعام الحق نے کہا کہ ڈیلرز کے مطالبات جائز ہیں اور موجودہ کمیشن کے ساتھ پیٹرول پمپ چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور ڈیلرز کے مسائل حل کیے جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات سے مثبت نتیجہ نہ نکلا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتی ہے، تاہم مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





