//

پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے تاریخ رقم کر دی

الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6,040 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی سر کر کے پاکستان کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا۔

کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں۔ مہم کی قیادت بی بی افزون نے کی، جبکہ معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سادپارہ، صادق حسین سادپارہ اور الیاس ہُشے نے تکنیکی معاونت فراہم کی۔ خسرگنگ چوٹی پر روپ فکسنگ کے فرائض قائد شگری نے انجام دیے۔

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے کامیاب خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی خواتین ہمت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔ ان کے مطابق یہ کامیاب سمٹ ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ الپائن کلب مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرتا رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close