وزیراعظم شہباز شریف: چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاک چین فارما معاہدے خوش آئند ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ مشکل حالات میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، جبکہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 44 کروڑ ڈالر کے معاہدے ایک مثبت پیش رفت ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان چین فارماسیوٹیکل بزنس ٹو بزنس (B2B) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے اور فارماسیوٹیکل شعبے میں ہونے والی حالیہ سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ چین کو کامیاب اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی سرمایہ کاری سی پیک فیز ٹو کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت پاکستان میں 30 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے عالمی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور آج چین معاشی و تزویراتی ترقی کے میدان میں دنیا کی ایک بڑی طاقت بن چکا ہے، جس کا کریڈٹ صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو جاتا ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بحرانوں نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا۔ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا اور اسلام آباد میمورنڈم پر دستخط بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں کیں، جن میں چین نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






