لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی یاد میں ’’اپنی چھت، محفوظ چھت‘‘ منصوبے کے ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت شہری اپنے گھروں کی کمزور اور خستہ حال چھتوں کی مرمت، مضبوطی یا اضافی کمرے اور منزل کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھر صرف اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں بلکہ تحفظ کی علامت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاہنہ سانحہ نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا اور اسی واقعے کے بعد یہ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت چھت کو محفوظ بنانے کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا، جبکہ اضافی کمرے یا دوسری منزل کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ماہانہ قسط 14 ہزار روپے سے کم کر کے تقریباً 4,700 سے 9,300 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرض کی واپسی نو سال میں کی جائے گی اور ابتدائی تین ماہ گریس پیریڈ بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرض کے اجرا پر پراسیسنگ فیس اور دیگر واجبات حکومت خود ادا کرے گی، جبکہ صرف شناختی کارڈ کے ذریعے آسان شرائط پر درخواست دی جا سکے گی۔
حکام کے مطابق شہری acag.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور پھاٹا کے دفاتر سے بھی درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ منصوبے کے حوالے سے معلومات اور رہنمائی کے لیے 0800-09100 ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک 1 لاکھ 73 ہزار 158 بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ نئے منصوبے سے کم آمدنی والے خاندانوں کو محفوظ رہائش کی سہولت میسر آئے گی اور خستہ حال گھروں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات میں کمی آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






