اسلام آباد (آئی این پی): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا اور متفقہ طور پر 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2023 وہ دن ہے جب بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اسی مناسبت سے احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مسلسل قید کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے مختلف مقدمات میں عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے، تاہم اب تک اپیلوں پر فیصلے سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد مشترکہ طور پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان کے مطابق 5 اگست کا احتجاج ماضی کے مظاہروں سے مختلف ہوگا، جبکہ اس کی نوعیت، مقامات اور شیڈول سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی قیادت کے مطابق احتجاجی ریلیوں کا مقصد پارٹی کا سیاسی مؤقف عوام کے سامنے رکھنا اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






