//

گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی قرارداد منظور

گلگت (آئی این پی): گلگت بلتستان اسمبلی نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے سے متعلق مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

ڈپٹی اسپیکر ملک کفایت الرحمان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رکن اسمبلی سید جلال شاہ نے قرارداد پیش کی، جس پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے مشترکہ دستخط کیے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دیا جائے اور اسے پاکستان کے دیگر صوبوں کے مساوی آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے ساتھ قومی سطح پر مؤثر نمائندگی فراہم کی جائے۔

قرارداد میں واضح کیا گیا کہ عبوری صوبائی حیثیت دینے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف یا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایوان نے وفاقی حکومت سے گلگت بلتستان کے لیے آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کرنے، این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے اور قومی وسائل میں منصفانہ شراکت یقینی بنانے کی بھی سفارش کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close