حکومت نے نئے عمرہ رولز جاری کر دیے، صرف تصدیق شدہ کمپنیاں عمرہ سروسز فراہم کر سکیں گی
وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد عمرہ سے متعلق تمام انتظامی، ریگولیٹری اور نگرانی کے معاملات وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرہ اختیار میں آ جائیں گے۔
نئے قواعد کے مطابق صرف وہی کمپنیاں عمرہ آپریشنز کی مجاز ہوں گی جنہیں وزارت مذہبی امور سے باقاعدہ تصدیق حاصل ہوگی۔ وزارت کے مطابق جامع عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ہوں گے۔
کمیٹی میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون و انصاف اور کابینہ ڈویژن کے ایک ایک اعلیٰ افسر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی تیار کرے گی، جسے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک (Nusuk) معاہدوں کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔ تصدیق شدہ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ عوام کو مستند آپریٹرز کے انتخاب میں آسانی ہو۔
وزارت نے عمرہ زائرین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صرف سرکاری طور پر تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے ہی بکنگ کروائیں۔ غیر رجسٹرڈ یا غیر مصدقہ کمپنیوں سے معاملات کی صورت میں پیدا ہونے والی مشکلات کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہوگی، جبکہ وزارت صرف تصدیق شدہ کمپنیوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کرے گی۔
زائرین کو مزید مشورہ دیا گیا ہے کہ عمرہ پیکیج کی ادائیگی ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے کریں اور رسید، معاہدے سمیت تمام ضروری دستاویزات محفوظ رکھیں تاکہ کسی بھی تنازع یا شکایت کی صورت میں ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





