//

ریسکیو 1122 کو جدید ٹیکنالوجی سے مزید مضبوط بنا دیا گیا

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن “محفوظ پنجاب” کے تحت سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کے جدید آلات خرید لیے گئے، جن کی نمائش اور عملی مظاہرہ سول سیکرٹریٹ میں کیا گیا۔

صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کے ہمراہ جدید آلات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے آلات میں ایئر لفٹ ڈرون، بم ڈسپوزل روبوٹ، اینٹی ڈرون گن، الیکٹرک سائرن، بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹر، سنیک کیمرے، آٹومیٹک لوڈنگ اسٹریچر، اسپائن بورڈ، فائر ہوز، آکسیجن سلنڈر اور آگ بجھانے کے جدید آلات شامل ہیں۔

تقریب کے دوران ایئر لفٹ ڈرون کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس نے ڈمی کو اٹھا کر اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ ڈرون دشوار گزار علاقوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بیک وقت 200 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتا ہے۔

اس موقع پر پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے درمیان جدید آلات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے، جبکہ 8 کروڑ 55 لاکھ روپے مالیت کا جدید سامان ریسکیو 1122 کے حوالے کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے سول ڈیفنس کی استعداد بڑھانے کی ہدایت کی تھی، جس پر عمل کرتے ہوئے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جدید آلات اور نئی بھرتیوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے 3 لاکھ سے زائد شہری بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ تمام رضاکاروں کو بنیادی طبی امداد (بیسک لائف سپورٹ) کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا رہی ہے اور ہر ہنگامی صورتحال میں یہ ادارہ ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ثابت ہوتا ہے۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اب تک بروقت کارروائیوں کے ذریعے پنجاب کو 786 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ نقصانات سے بچا چکا ہے، جبکہ ادارہ روزانہ 7 ہزار سے زائد ایمرجنسیز پر فوری امدادی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سول ڈیفنس میں رضاکارانہ رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل استعمال کریں تاکہ ہنگامی حالات میں عوامی خدمت کے اس مشن کا حصہ بن سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close