لاہور: پنجاب بار کونسل نے مبینہ طور پر مشکوک قانون کی ڈگریوں کے معاملے پر پنجاب بھر کے 125 وکلا کے لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
چیئرمین پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان کے مطابق متعلقہ وکلا کو آئندہ سماعت پر اپنی اصل ایل ایل بی ڈگری اور اس کی تصدیق شدہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی وکیل مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
فخر حیات اعوان نے بتایا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی جانب سے موصول ہونے والی فہرست میں تقریباً 1200 وکلا کی قانون کی ڈگریوں کو مشکوک قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد پنجاب بار کونسل نے یونیورسٹی کے سرکلر کی روشنی میں جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
چیئرمین پنجاب بار کونسل نے واضح کیا کہ جعلی یا مشکوک اسناد رکھنے والے وکلا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی اور کسی بھی غیر قانونی عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






