عامر خان کا نیا بڑا فیصلہ، خاندان کے لیے ایک ہی عمارت میں رہائش کا منصوبہ
بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے تیسری شادی کے بعد ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے گزشتہ ہفتے اپنی دیرینہ دوست اور کاروباری ساتھی گوری سپراٹ سے قریبی عزیزوں اور دوستوں کی موجودگی میں ایک سادہ تقریب کے دوران شادی کی تھی۔
اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ عامر خان ممبئی کے علاقے پالی ہِل میں ایک ایسی رہائش گاہ تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جہاں ان کے خاندان کے بیشتر افراد ایک ہی عمارت میں رہ سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس نامی دو ملحقہ رہائشی منصوبوں کو ازسرِ نو تعمیر کیا جائے گا۔ عامر خان پہلے ہی بیلا وسٹا میں کئی اپارٹمنٹس کے مالک ہیں، جبکہ نئے منصوبے میں مزید فلیٹس خریدنے کے لیے انہوں نے مبینہ طور پر 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ تمام اپارٹمنٹس کو ملا کر ایک شاندار اسکائی ولا تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان کے لیے ایک الگ منزل مختص کی جائے گی، جبکہ عامر خان، ان کی اہلیہ گوری سپرا اور گوری کے پہلے شوہر سے بیٹے کے لیے دو منزلیں رکھی جائیں گی۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان اپنی والدہ زینت حسین، بہنوں نکہت خان اور فرحت خان کے لیے بھی اسی عمارت میں رہائش کا انتظام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق اہلیہ کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کے لیے بھی اسی رہائشی منصوبے میں ایک اپارٹمنٹ مختص کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






