ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کر دیا

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ہر قسم کی بحری آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی نے بھی جہازرانوں کو بندش سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے اگلے نوٹس تک اس راستے سے سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فوجی کارروائیوں کے باعث آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے اور امن و استحکام کی بحالی تک یہ بندش برقرار رہے گی۔ انہوں نے جہازرانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی خطرات بدستور سنگین ہیں۔ اتھارٹی نے بحری جہازوں کو اس راستے سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز پیشگی رابطہ کر کے جنوبی راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز عالمی قوانین کی پاسداری کرنے والے بحری جہازوں کے لیے کھلی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول نہیں رکھتا اور وہاں بحری آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

سینٹ کام نے ایرانی اعلانات کو بلاجواز جارحیت اور دھمکی آمیز رویہ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close