بچوں کی فیسوں سے متعلق والدین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

دو لاکھ ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں کیلئے زیرو فیس، پنجاب میں نواز شریف سینٹر آف ایمیننس منصوبہ شروع

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے “نواز شریف سینٹر آف ایمیننس” منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 2 لاکھ روپے ماہانہ تک آمدن والے والدین کے بچوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

اجلاس کے دوران منصوبے کے ماڈل اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ نواز شریف سینٹر آف ایمیننس عالمی معیارِ تعلیم کے مطابق قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں ہر کلاس میں 30 طلبہ ہوں گے، بہترین اساتذہ تعینات کیے جائیں گے اور محروم طبقے کے بچوں کو زیرو فیس پر تعلیم فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وہ خاندان جو مکمل فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں، ان کے بچوں کے لیے بھی ان جدید تعلیمی مراکز میں 10 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ یہاں ملک کے بہترین اساتذہ کو تعینات کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس منصوبے کو پنجاب میں تعلیمی انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے داخلہ ٹیسٹ میں طلبہ کا زبردست رش دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ داخلوں کے لیے بڑھتا ہوا رجحان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کا سرکاری اسکولوں پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے عزم کا اظہار کیا کہ “نواز شریف سینٹر آف ایمیننس” کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ حکومت پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر یہ جدید تعلیمی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے بچوں کو بھی یکساں تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close