اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے، جس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیزل کی قیمت میں اضافہ جبکہ پیٹرول کی قیمت میں عوام کو ریلیف دینے پر غور کر رہی تھی، تاہم تازہ تجاویز کے مطابق دونوں مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے سے زائد اضافہ کیا تھا، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 398 روپے 75 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کر دی جائے تو قیمتوں میں نمایاں کمی آ سکتی ہے، تاہم اس صورت میں حکومتی آمدن کے متبادل ذرائع تلاش کرنا ہوں گے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران حکومت نے ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے۔ ان کے مطابق اگر کسی بھی پمپ پر ایندھن ختم ہو جاتا تو سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی تھی، جبکہ عالمی منڈی میں ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے زیادہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






