کوئٹہ: بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن “شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جبکہ 5 جولائی سے مختلف کارروائیوں میں اب تک 79 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر حملے کے بعد پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کیا، جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 اور 7 جولائی کو بھی سیکیورٹی فورسز نے 26 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں زمینی اور فضائی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ خضدار کے علاقے زہری میں پولیس اسٹیشن پر حملہ بھی ناکام بنا دیا گیا، جہاں فورسز کی کارروائی میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور امن دشمن عناصر کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 79 دہشت گردوں کا خاتمہ فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور دہشت گرد اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






