فریال تالپور کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا اعلیٰ سطحی اجلاس، انتخابی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت

 

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات، موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں، تنظیمی معاملات، عوامی رابطہ مہم اور سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ محترمہ فریال تالپور نے پارٹی تنظیم کو ہر سطح پر مزید فعال بنانے اور انتخابی مہم کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن ہی ہماری اصل طاقت ہیں، اس لیے یونین کونسل سے لے کر مرکزی سطح تک تنظیم کو مزید مضبوط اور متحرک بنایا جائے۔ انہوں نے ہر انتخابی حلقے میں عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے اور انتخابی تیاریوں کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا۔

محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، جمہوریت کے فروغ اور عوامی حقوق کے تحفظ پر مبنی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت آزاد کشمیر کے کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی “حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار” کے منشور کے ساتھ آئندہ انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی۔ شرکائے اجلاس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارٹی عوام کی بھرپور حمایت سے آئندہ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close