لاہور: کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی سی پی او لاہور نے عاشورہ محرم کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ انہوں نے ایس ایس پی (آپریشنز) کو معاشرتی جرائم کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے بجلی چوروں کے خلاف مہم مزید تیز کرنے، لیسکو کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانے اور بجلی چوری کے مقدمات کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں اور خطرناک ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے، جبکہ تجارتی و کاروباری مراکز کی سکیورٹی بھی مؤثر بنائی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے فنانشل کرائمز کے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کو مقررہ مدت میں نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے تمام ونگز کو ٹیم ورک کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، کیونکہ عوام کے ساتھ بہتر رویہ اور بروقت انصاف ہی پولیس کی اصل پہچان ہے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز) توقیر محمد نعیم سمیت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






