شہر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ چاول، گھی، آئل، سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ مارکیٹ میں درجہ اول چاول 480 سے 550 روپے فی کلوگرام جبکہ پریمیم پیکنگ والے چاول 640 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح درجہ دوم چاول 380 سے 450 روپے، درجہ سوم چاول 300 سے 360 روپے اور ادھواڑ چاول 280 روپے فی کلوگرام دستیاب ہیں۔ دوسری جانب گھی اور آئل کی قیمتوں میں کمی کے بجائے درجہ سوم گھی اور آئل 490 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکے ہیں، جس پر شہریوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں، جہاں پیاز 120 سے 130 روپے، ٹماٹر 250 روپے، آلو 60 روپے، ادرک 450 روپے اور لہسن 400 روپے فی کلوگرام فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر مقامات پر سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ دکانداروں کا مؤقف ہے کہ سبزی منڈیوں میں قیمتوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیے بغیر ریٹ میں کمی ممکن نہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






