انسانی جانوں کو خطرہ، عمارتوں کے مالکان کو باضابطہ نوٹسز جاری

لاہور: حکومت پنجاب کی ہدایات پر والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے مون سون سیزن سے قبل اندرون لاہور میں شہریوں کے جان و مال اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے جامع حفاظتی مہم شروع کر دی ہے۔

اتھارٹی نے اندرون لاہور کی عمارتوں کا تفصیلی ساختیاتی سروے مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی عمارتوں کی فوری مرمت اور مضبوطی کا کام مکمل کریں، جبکہ مرمت ممکن نہ ہونے کی صورت میں عمارتیں خالی کر دی جائیں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں کی چھتوں، نکاسی آب کے نظام، نالیوں، گٹروں اور ڈاؤن پائپس کی بروقت صفائی اور دیکھ بھال یقینی بنائیں تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو اور عمارتیں محفوظ رہیں۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اندرون لاہور میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر، اضافی منزل، کھدائی، توسیع یا تاریخی عمارتوں میں تبدیلی پیشگی منظوری کے بغیر نہیں کی جا سکتی، کیونکہ ایسی سرگرمیاں تاریخی ورثے اور عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، عمارتوں کی بروقت مرمت کرائیں اور مون سون کے دوران ممکنہ حادثات سے بچنے کے لیے ادارے سے مکمل تعاون کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close