پاکستان اور قطر کا امریکا اور ایران سے تازہ ترین رابطے کر کے جنگ روکنے پر زور

انقرہ: ترک خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران سے رابطہ کرکے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جنگی صورتحال ختم کریں اور معاہدے کے تحت دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔

رپورٹ کے مطابق ثالثی عمل سے واقف پاکستانی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر مشترکہ طور پر واشنگٹن اور تہران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کشیدگی کم کی جا سکے اور مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں فریقوں کو مذاکرات جاری رکھنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال غیر متوقع ہے، تاہم دونوں ممالک اس بات سے آگاہ ہیں کہ مکمل جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ مستقبل میں محدود جھڑپوں کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، لیکن پاکستان کو یقین ہے کہ صورتحال مکمل جنگ کی شکل اختیار نہیں کرے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ کشیدگی سے قبل امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کی اسلام آباد میں تکنیکی مذاکرات کے لیے ملاقات متوقع تھی، تاہم حالیہ حالات کے باعث یہ عمل مؤخر ہوگیا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق اس وقت ثالثوں کی اولین ترجیح دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ہے، جبکہ اسلام آباد آئندہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے پُرامید ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں اور جنگ بندی پر عمل درآمد نہ ہونے نے بھی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کو متاثر کیا۔ ان کے مطابق ایران کا مؤقف تھا کہ جنوبی لبنان سے اسرائیلی انخلا اور جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کے بعد ہی آبنائے ہرمز کی بحالی ممکن ہوگی، جبکہ امریکا اس مؤقف سے متفق نہیں تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے صدور نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت 60 روز کے اندر مستقل معاہدہ طے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں سوئٹزرلینڈ اور قطر میں تکنیکی مذاکرات ہوئے، جبکہ اگلا دور اسلام آباد میں ہونا تھا، تاہم تازہ فوجی کارروائیوں کے باعث مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران کہا کہ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے اور ایران کو مزید حملوں کی دھمکی دی، جس پر ایران نے سخت ردعمل کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close