عوام ہوشیار! یہ مشہور دوا ہرگز استعمال نہ کریں، الرٹ جاری

محکمہ صحت پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول نے اینٹی بائیوٹک دوا ایزومیکس 250 ملی گرام کی ایک مخصوص کھیپ کو جعلی قرار دیتے ہوئے عوام اور طبی مراکز کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق جعلی قرار دی گئی دوا کا بیچ نمبر H5332 ہے، جس کی میعاد جولائی 2027 تک درج ہے۔ الرٹ میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بیچ کی دوا استعمال نہ کریں اور ادویات صرف مستند اور مجاز میڈیکل اسٹورز و فارمیسیوں سے خریدیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ دوا پر اے جی پی لمیٹڈ کا نام درج ہے، تاہم کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ بیچ نمبر H5332 اس کی تیار کردہ اصل مصنوعات میں شامل نہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگس کنٹرول نے تمام فارمیسیوں، میڈیکل اسٹورز، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ اس کھیپ کی خرید و فروخت اور تقسیم فوری طور پر روک دی جائے، موجودہ اسٹاک کو الگ رکھا جائے اور معاملے سے متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو آگاہ کیا جائے۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس دوا کے استعمال کے بعد کسی قسم کے مضر اثرات سامنے آئیں تو فوری طور پر پنجاب فارماکوویجیلنس سینٹر کو اطلاع دی جائے تاکہ ضروری کارروائی کی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close