گندم تاجروں کے لیے اسٹاک لمٹ مقرر کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے فلور ملز اور لائسنس یافتہ گندم تاجروں کے لیے اسٹاک لمٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر قانون و داخلہ ضیا لنجار اور وزیر خوراک کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری خوراک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں اسٹاک لمٹ کے نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز اور لائسنس یافتہ گندم تاجروں کے لیے گندم ذخیرہ کرنے کی حد مقرر کی جائے گی تاکہ مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری پر قابو پایا جا سکے۔

وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ مصنوعی قلت اور منافع خوری کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے گی، جبکہ اسٹاک لمٹ کے مؤثر نفاذ کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

وزیر خوراک نے ہدایت کی کہ فلور ملز اور تاجروں کے لیے اسٹاک لمٹس مقرر کرکے پالیسی پیش کی جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close