لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے درمیان اہم ملاقات میں مون سون، سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کر لیا گیا۔
ملاقات میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026 پیش کیا، جبکہ وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمی حالات کی پیشگی اطلاع کے لیے ارلی وارننگ سسٹم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع میں سینٹرلائزڈ انفارمیشن اسکرینز لگانے اور کسی بھی شدید موسمی صورتحال سے کم از کم 6 گھنٹے قبل باہمی رابطہ یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مون سون سے قبل فرضی مشقیں فوری شروع کرنے، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کے درمیان بہتر رابطہ، کنٹرولڈ ٹورازم، ہیٹ ویو اور بارشوں سے متعلق جامع ایڈوائزری جاری کرنے اور اضلاع کی لاجسٹک صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران متاثرین کو ادویات، خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں، جبکہ کسی بڑے وبائی مرض کا پھیلاؤ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، واسا اور دیگر اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور ہر ضلع کو اربوں روپے کی مشینری فراہم کی جا چکی ہے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں موسمیاتی تبدیلی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں مثالی کام ہوا ہے، جبکہ وفاقی حکومت پنجاب سمیت تمام صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ تین سالہ جامع کلائمیٹ پلان تیار کر لیا ہے، پہلی بار کلائمیٹ ٹیگڈ بجٹ متعارف کرایا گیا، سیلاب کے دوران 30 لاکھ افراد اور 25 لاکھ جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ تمام متاثرہ آبی ڈھانچوں کی بحالی مکمل کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چکوال، تلہ گنگ، پوٹھوہار، کوہِ سلیمان اور جنوبی پنجاب کے بعض اضلاع میں غیر معمولی بارشوں، فلیش فلڈ اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات موجود ہیں، جبکہ بھارتی آبی جارحیت کی صورت میں دریائے چناب، ستلج اور راوی میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، این جی اوز اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






