میاں چنوں کے علاقے مہر آباد کے قریب دورانِ سفر کوئلہ لے جانے والی مال گاڑی کی متعدد بوگیاں اچانک انجن سے الگ ہو گئیں۔ مذکورہ مال گاڑی یوسف والا پاور پلانٹ کے لیے کوئلہ لے کر جا رہی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور تکنیکی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ ریلوے انتظامیہ نے بوگیوں کے الگ ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حادثے کے باعث ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت کچھ وقت کے لیے متاثر ہوئی، جبکہ ٹریک کی بحالی اور الگ ہونے والی بوگیوں کو دوبارہ جوڑنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ عملہ ٹرینوں کی معمول کی روانی بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






