بابر اعظم کو ٹیم کی کپتانی دوبارہ کیسے ملی ؟ سرفراز احمد کا بڑا انکشاف

بابر اعظم کو مشاورت سے کپتانی سونپی گئی، ویسٹ انڈیز سیریز میں اچھے نتائج کی امید ہے: سرفراز احمد

پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو مشاورت اور رضامندی کے بعد قومی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ دونوں سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس لیے مثبت نتائج حاصل کرنا ٹیم کی ترجیح ہوگی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی اسکلز میں مزید بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ ٹیم اپنی خامیوں اور غلطیوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گی۔

سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم زیادہ یکجہتی، اعتماد اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بہتر نتائج دے گی۔

انہوں نے صحافت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی اور موجودہ صحافت میں نمایاں فرق آ چکا ہے۔ ان کے مطابق تنقید کا محور کھلاڑیوں کی کارکردگی ہونی چاہیے، جبکہ ذاتیات اور کردار کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close