سڈنی: پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر کی آسٹریلیا سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ نہایت خوش الحانی سے اذان دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے روحانی انداز نے مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔
عاصم اظہر، جنہیں پاکستان کی نوجوان نسل کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، اپنے فنی سفر کے ساتھ ساتھ مختلف مواقع پر اپنی مذہبی وابستگی کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں۔
اپنے پیشہ ورانہ دورے کے سلسلے میں آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں موجود عاصم اظہر نے اذان دینے کی سعادت حاصل کی۔ وائرل ویڈیو میں وہ سیاہ شلوار قمیض میں ملبوس ہیں، جبکہ ان کی پرسوز آواز میں دی گئی اذان نے سننے والوں کو متاثر کیا۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے عاصم اظہر کی اس کاوش کو خوب سراہا۔ متعدد مداحوں نے “ماشاء اللہ” اور دیگر تعریفی تبصرے کرتے ہوئے ان کی خوش الحانی، تربیت اور مذہبی وابستگی کی تعریف کی۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ایک معروف گلوکار کی جانب سے اس انداز میں اذان دینا نہایت خوش آئند اور دل کو سکون دینے والا لمحہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






