عدالتوں پر خودکش حملے کا شدید خطرہ، الرٹ جاری

کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ کی سیشن کورٹ اور دیگر عدالتی تنصیبات پر ممکنہ خودکش حملے کے خدشے کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایک مبینہ خطرناک خودکش حملہ آور اپنے ساتھیوں سمیت کوئٹہ پہنچ چکا ہے، جس کے باعث سیشن کورٹ، دیگر عدالتیں اور کچہری کے اطراف ہجوم والے مقامات ممکنہ ہدف ہو سکتے ہیں۔

ایک سینئر وکیل کے مطابق محکمہ داخلہ نے عدالتوں، ججوں اور وکلا کو باقاعدہ مراسلے ارسال کیے ہیں، جن میں ممکنہ خودکش حملے کے خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے غیر معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو الرٹ رہنے اور عدالتی احاطوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے اپنے الرٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خودکش ونگ “مجید بریگیڈ” سے وابستہ ایک مبینہ خودکش حملہ آور، جس کی شناخت “حوران” کے نام سے کی گئی ہے، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سریاب کے علاقے میں موجود ہے۔

الرٹ کے مطابق خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ گروہ کوئٹہ سیشن کورٹ، دیگر عدالتوں یا کچہری کے اطراف عوامی ہجوم والے مقامات کو دہشت گردی کا نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو انتہائی چوکس رہنے اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close