محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے لیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد اور دیگر حساس سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم کو اوکاڑہ کے علاقے کوہ نور سٹی، فیصل آباد روڈ کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غرض سے وہاں موجود تھا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے بارودی مواد، ایک پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر، برقی تار، تین بیٹریاں اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں مزید فرانزک جانچ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت روز علی خان کے نام سے ہوئی ہے، جو ارمڑ میانہ، ضلع پشاور، خیبر پختونخوا کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے ممکنہ سہولت کاروں، رابطوں اور مبینہ دہشت گرد منصوبوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی روشنی میں مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ حساس تنصیبات کی سکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





