” وزیراعظم اپنا گھر پروگرام”،بڑی خوشخبری آ گئی

وفاقی حکومت نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (این بی ایف سیز) کو بھی اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی تجویز پر کیا گیا، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو آسان شرائط پر رہائشی قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں اس اسکیم کے تحت شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کر سکیں گی۔ اس اقدام سے ایسے افراد بھی مستفید ہو سکیں گے جو روایتی بینکنگ نظام سے وابستہ نہیں یا جن کے پاس بینک اکاؤنٹس موجود نہیں ہیں۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ مائیکرو فنانس کمپنیاں بھی وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کی اہل ہوں گی۔ اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے افراد کو پہلے 10 برس کے لیے صرف 5 فیصد شرح منافع پر فنانسنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، جس سے کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کے لیے گھر کا حصول مزید آسان ہو جائے گا۔

کمیشن کے مطابق نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا نیٹ ورک ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے اور ان کے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ایسے افراد تک بھی رسائی ممکن ہو سکے گی جو اب تک روایتی مالیاتی خدمات سے محروم رہے ہیں۔

ایس ای سی پی نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کے ذریعے ہاؤسنگ فنانس کی فراہمی کے لیے باقاعدہ فریم ورک بھی جاری کر دیا ہے۔ اس فریم ورک کے تحت این بی ایف سیز بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی شہریوں کو رہائشی قرضے فراہم کر سکیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ہاؤسنگ فنانس کے شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ ملک میں گھروں کی تعمیر، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close