استنبول: وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
استنبول ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترکیہ کی وزارت خارجہ کے حکام اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کے درمیان پاک-ترکیہ تعلقات کے مختلف شعبوں پر تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔ دونوں رہنما تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، باہمی تعاون اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم استنبول میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جہاں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجکاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔
بزنس کانفرنس میں ترکیہ کی ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دونوں ممالک کے تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






