خوشخبری ، خواتین کیلئے نئی سکیم لانے کا اعلان

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے میں پنک اسکوٹیز کے بعد ’’پنک ٹیکسی اسکیم‘‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے صوبائی حکومت متعدد انقلابی اقدامات کر رہی ہے، جن میں ای وی ٹیکسی اسکیم بھی شامل ہے جس میں پنک ٹیکسی اسکیم کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کوئی مرد پنک اسکوٹی استعمال کرتے ہوئے پایا جائے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ان کے مطابق بعض شکایات موصول ہوئی ہیں کہ خواتین کے اہل خانہ، خصوصاً بھائی، پنک اسکوٹیز استعمال کر رہے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پنک اسکوٹی اسکیم خواتین کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ ان کے مطابق اسکیم کے آغاز کے وقت صرف 150 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا، جبکہ اب 25 ہزار سے زائد خواتین لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایک لاکھ خواتین کے پاس لائسنس ہونے کی صورت میں انہیں اسکوٹیز فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ملک میں پہلی بار الیکٹرک بسیں متعارف کرا چکی ہے اور جلد ای وی ٹیکسی اسکیم سے متعلق خوشخبری دی جائے گی۔

 ریونیو سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور ٹیکس کلیکشن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی گروتھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جہاں ایس بی آر کی گروتھ 24 فیصد جبکہ ایف بی آر کی 10 فیصد رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close