دفاتر کے اوقات کار میں توسیع ؟ اہم فیصلہ سامنے آ گیا

ایف بی آر نے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے ٹیکس دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 27 سے 30 جون تک خصوصی اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے تمام متعلقہ دفاتر فعال ہیں اور بڑے ٹیکس دفاتر (ایل ٹی اوز)، میڈیم ٹیکس آفس (ایم ٹی او)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (سی ٹی اوز) اور ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) میں معمول کے مطابق کام جاری ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کے دفاتر کل بروز اتوار بھی کھلے رہیں گے، جبکہ 29 جون کو تمام دفاتر رات 8 بجے تک کام کریں گے۔

ایف بی آر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 30 جون کو ٹیکس دفاتر رات 12 بجے تک ٹیکس اور ڈیوٹیوں کی وصولی جاری رکھیں گے۔ ان لینڈ ریونیو آپریشنز ونگ نے اس حوالے سے تمام خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس وصولی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آج سے 30 جون تک ٹیکس اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے واجبات بروقت جمع کرائیں تاکہ ریونیو اہداف کے حصول میں معاونت ہو سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close