وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غلطیاں ہم سے بھی ہوئیں، آئیں میثاق جمہوریت پر دستخط کریں اس پر عمل کریں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کو ماضی کی غلطیاں یاد دلاتے ہوئے انہیں ماضی بھول کر میثاق جمہوریت سائن کرنے کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ غلطیاں ہم سے بھی ہوئیں، آئیں میثاق جمہوریت پر دستخط کریں اس پر عمل کرتے ہوئے آگے چلیں۔
وزیر دفاع نے ن لیگ اور پی پی کے درمیان 90 کی دہائی کی محاذ آرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1985 سے 1990 تک اس ایوان میں ہم دست و گریبان ہوتے رہے، مگر پیپلز پارٹی والے انتہائی کشیدگی کے باوجود ایک دوسرے سے ملتے تھے۔
انہوں نے پی ٹی آئی دور حکومت سے متعلق کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو پی ٹی آئی کی جانب سے کیا کچھ نہیں ہوا۔ جب عمران خان وزیراعظم تھے تو یہ ہم سے بات بھی نہیں کرتے تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے پارلیمان اور سسٹم کو جتنا نقصان پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر ہی جمہوریت نہیں، یہ کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔ ایک بندے کی خواہش پر کوئی پارٹی نہیں چل سکتی۔ محمود اچکزئی کا بڑا احترام ہے لیکن یہ ان کے درمیان بیٹھے عجیب وغریب لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ماضی بھی قابل رشک نہیں رہا ہوگا، لیکن ہم نے پھر بھی کوشش کی، ہم نے اپنے ماضی سے سبق حاصل کیا اور سیکھا۔ ہمیں اور انہیں بھولنا نہیں چاہیے کہ ماضی میں کیا کیا کارنامے سر انجام دیے۔ یہ بھی اپنے ماضی کو درست کریں ہم بھی کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






