پولیس میں ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، پنجاب پولیس نے مختلف شعبوں میں 3 ہزار کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہر سال ریٹائرمنٹ اور دیگر وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ یہ بھرتیاں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) سمیت دیگر یونٹس کے لیے کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبلز کی خالی سیٹوں پر بھرتیوں کے لیے سمری حکومت پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔ حکومت کی منظوری ملنے کے بعد بھرتی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق آخری مرتبہ کانسٹیبلز کی بڑی تعداد میں بھرتیاں سابق آئی جی پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور کے دور میں کی گئی تھیں، جس کے تحت 10 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر تقرریاں عمل میں لائی گئی تھیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں کا مقصد پولیس فورس کی افرادی قوت میں اضافہ کرنا اور عوام کو بہتر سکیورٹی و پولیسنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ امیدواروں کو بھرتی کے شیڈول، اہلیت اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات حکومت کی منظوری کے بعد جاری کی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






