9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند کی جائیگی یا نہیں؟ فیصلہ سامنے آگیا

خیبرپختونخوا حکومت نے 9 اور 10 محرم کے دن حفاظتی اقدامات کے پیش نظر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں 9 اور 10 محرم کے موقع پر سیکیورٹی کے جامع پلان کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بعض علاقوں میں موبائل فون سروس مکمل طور پر معطل رہے گی جب کہ دیگر حساس مقامات پر جزوی پابندیاں عائد کی جائیں گی جس کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور مذہبی تقریبات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا ہے۔

حکام نے خیبرپختونخوا میں 400 امام بارگاہوں کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا ہے، اس کے علاوہ 286 جلوسوں کو انتہائی حساس جبکہ 190 جلوسوں کو حساس کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

پشاور میں 9 محرم کو مرکزی جلوس کے دوران موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی اور کنٹونمنٹ کا علاقہ مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

10 محرم الحرام کو شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی چوکیاں اور خصوصی حفاظتی حصار قائم کیا جائے گا۔

جلوسوں اور امام بارگاہوں کے ارد گرد واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے جبکہ مسلسل نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کیے جائیں گے، سیکیورٹی فورسز مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کریں گی۔

صوبائی حکومت نے عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔

صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن سینٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close