فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کے بغیر مذاکرات میں پیشرفت ممکن نہیں تھی، وزیرِ اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کے دوران 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، جبکہ سیاسی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز پر بھی پیشرفت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات ایک مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے، جن کے دوران حوصلہ افزا پیشرفت سامنے آئی۔

وزیراعظم نے امریکا اور ایران کی قیادت کو مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے عزم پر سراہا اور ان تمام دوست و برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تاریخی پیشرفت کو ممکن بنانے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے خاص طور پر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اس کا کردار اہم رہا، جبکہ سوئس حکومت کی میزبانی اور سہولت کاری کو بھی سراہا گیا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں، عزم اور ثابت قدمی کے بغیر یہ پیشرفت ممکن نہیں تھی۔

انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، دفتر خارجہ کی ٹیم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی سفارتی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا تاکہ تنازعات کے پائیدار حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close