وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک امن پسند شخصیت ہیں جبکہ ایران کی قیادت بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلص ہے۔
برگن اسٹاک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا، جب دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے قریب پہنچ چکے تھے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ کی متحرک اور جرات مندانہ قیادت نے نازک صورتحال میں مؤثر مداخلت کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا، اور اگر تنازع نہ رکتا تو ایٹمی جنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور صدر ٹرمپ کی پاکستان سے وابستگی کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور گہرے ہوئے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم نے مذاکراتی عمل کے آغاز سے پہلے گفتگو میں کہا کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے اور امید ہے کہ مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ توقع رکھتے ہیں کہ واپسی پر ایک مضبوط معاہدے کی دستاویز موجود ہوگی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کو بھی مذاکرات کے آغاز کا سبب قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






