پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کا پاسپورٹ بلاک ہے، جبکہ دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ اربوں روپے مالیت کے طیارے پر بیرونِ ملک دورے کر رہی ہیں۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور کے عوام کے لیے 200 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کو ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بعض قوتیں خیبر پختونخوا حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ان کے خلاف مختلف نوعیت کا پروپیگنڈا کیا گیا، تاہم عوام نے ایسے منفی ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس کے پاس بدعنوانی کے ثبوت ہوں وہ سامنے لائے، وزیر اعلیٰ ہاؤس کے دروازے ایسے افراد کے لیے کھلے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں میڈیا پر مناسب وقت نہیں دیا جاتا، جبکہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو گھنٹوں کوریج دی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور قائدین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور ان کے کاروبار متاثر کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






