اسلام آباد: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے استعمال کرکے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا، نہ ایندھن کی قلت ہوئی، نہ طویل قطاریں لگیں اور نہ ہی فیول راشننگ کی ضرورت پیش آئی۔ انہوں نے اس کا کریڈٹ مؤثر حکومتی حکمت عملی اور بروقت منصوبہ بندی کو دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون نے معیشت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ حکومت مہنگائی میں مزید کمی اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ثالثی سے طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اسحاق ڈار، محسن نقوی، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، احد خان چیمہ اور علی پرویز ملک سمیت حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہونے اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





