گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

لاہور: پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10 سے 15 روپے فی کلو تک اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ میں سیلز ٹیکس کے طریقہ کار میں کی جانے والی تبدیلیوں کے باعث گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے۔

پی وی ایم اے کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے بجٹ اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنانس بل میں تھرڈ شیڈول کے دائرہ کار کو بڑھا دیا گیا ہے، جس کے تحت اب ٹیکس کی وصولی میکسمم ریٹیل پرائس (MRP) کی بنیاد پر کی جائے گی۔

ان کے مطابق اس تبدیلی سے صنعت پر ٹیکس کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا، جس کے باعث مینوفیکچررز کے پاس اضافی لاگت صارفین تک منتقل کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہے گا، اور نتیجتاً گھی اور کوکنگ آئل مہنگا ہو جائے گا۔

چیئرمین نے کہا کہ یہ صنعت پہلے ہی بھاری ٹیکسوں کے دباؤ کا شکار ہے، جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ خوردنی تیل اور گھی پر ٹیکس کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے، تاہم بجٹ میں ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

پی وی ایم اے نے خبردار کیا کہ نئے ٹیکس ڈھانچے سے قیمتوں کا استحکام متاثر ہوگا اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا، لہٰذا حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close