عمران خان سے ملاقات تک کوئی ڈرافٹ سائن نہیں ہوگا، سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، کوئی ڈرافٹ سائن نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے تک کسی گرانٹ سے متعلق فائل بھی آگے نہیں بڑھے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے مسلسل تیسری بار پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مشیر خزانہ مزمل اسلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالیاتی امور کو بہترین انداز میں چلایا، جبکہ تمام اراکین اسمبلی نے بجٹ کی تیاری کے لیے دن رات محنت کی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ 92 اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ 48 ارب روپے کے خسارے کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔

بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے شور شرابا کیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن تحمل کا مظاہرہ کرے۔ اس موقع پر انہوں نے ایوان کے عملے کو ہدایت کی کہ اپوزیشن اراکین کو پانی فراہم کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close