پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کر لیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا خصوصی خط سلامتی کونسل کی صدر کے حوالے کر دیا ہے۔
اس اہم خط میں پاکستان نے چناب دریا کے نظام پر بھارت کے دو حالیہ غیر قانونی آبی منصوبوں کی نشاندہی کی ہے اور بھارتی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ بھارت پانی کا رخ موڑنے اور اسے بطور ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو کہ بین الاقوامی قوانین اور دوطرفہ معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے خط میں واضح کیا ہے کہ ان بھارتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کی آبی، غذائی اور معاشی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
پاکستان نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






