اب پراپرٹی کی فروخت پر کون سا ٹیکس ادا کرنا ہوگا؟ اہم خبر آگئی

وراثت میں ملنے والی پراپرٹی (جائیداد) کی فروخت پر ٹیکس کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیرِ صدارت ہوا جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وراثت میں ملنے والی پراپرٹی اور پلاٹس کی فروخت پر کیپیٹل گین ٹیکس کی تجویز سامنے آئی۔

تجویز کے حوالے سے ایف بی آر حکام نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ وراثت میں ملنے والی پراپرٹی کی لاگت مالک کی وفات کے دن کی مارکیٹ ویلیو تصور ہوگی، فیملی سیٹلمنٹ کے ذریعے منتقل ہونے والی وراثتی جائیداد کو قانونی تحفظ ملے گا، جس دن والد کی وفات ہوگی اسی دن سے اس کی اصل قیمت تصور ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد پراپرٹی کی جو قیمت لگے گی اس پر کیپیٹل گین ٹیکس ہوگا، والد کی وفات پر پلاٹ کی قیمت 8 کروڑ تھی لیکن فروخت پر 10 کروڑ ہوگئی تو 2 کروڑ پر کیپیٹل گین لگے گا۔

چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے کہا کہ جس دن پراپرٹی ٹرانسفر ہو اس دن سے اصل لاگت تصور کریں۔

قائمہ کمیٹی نے ٹرانسفر آف آنرشپ کے دن سے اصل لاگت کی تجویز دے دی۔

اجلاس میں انکم ٹیکس ریٹرنز صرف الیکٹرانک ذرائع سے جمع کروانے کی تجویز منظور کی گئی۔ ایف بی آر حکام نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن صرف آئرس کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کروانا لازمی ہوگا، کمپنیوں کے مالیاتی گوشوارے بھی مشین ریڈیبل فارمیٹ میں جمع ہوں گے۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ہم 2013 سے مینوئل ریٹرنز جمع نہیں کر رہے سب ڈیجیٹل ہو رہی ہیں، گوجرانوالہ سمیت چند شہروں سے اب بھی ریٹرنز مینوئلی جمع ہو رہی تھیں، لیکن اب مکمل طور پر ریٹرنز الیکٹرانک جمع کروانے کی تجویز شامل کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close