فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک سال میں دو بڑی جنگیں جیت لیں! وزیرِ دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایک سال کے دوران دو اہم محاذوں پر کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ پاکستان معاشی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اللہ کے فضل و کرم سے ایک سال کے عرصے میں دو جنگیں جیتیں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھارت کے خلاف فاتح سپہ سالار اور امن کے محاذ پر صبر و تحمل کے ساتھ کامیاب سفارت کار کے طور پر سامنے آئے اور دونوں محاذوں پر سرخرو رہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان فتوحات کا سلسلہ جاری و ساری رکھے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔

خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کے ساتھ کشیدگی اور ایران امریکا مصالحت کے مراحل میں خلوص، دانشمندی اور معاملہ فہمی کے ساتھ کردار ادا کیا، جو تاریخ ساز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ توازن اور قومی مفاد میں یکسوئی کا نتیجہ ہے کہ اللہ کا کرم جاری ہے۔ وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ موجودہ قیادت معاشی محاذ اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بھی کامیاب اور سرخرو ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close