وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم ,طالبعلموں کے لئے بڑی خوشخبری

وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں “وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم فیز فور” کے تحت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ نہال ہاشمی تھے جنہوں نے یونیورسٹی پہنچ کر منتخب طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے۔

اس اقدام کو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اسکیم کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے 103 طلبہ کو جدید لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح دیتی ہے اور اسی لیے اس بار بجٹ میں یوتھ پروگرام کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ “وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ انیشیٹو” کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس فیز کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 30,000 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ 33 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں تقسیم مکمل ہو چکی ہے اور صرف دو یونیورسٹیاں باقی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورٹل (pmyt.gov.pk) مکمل طور پر فعال ہے اور اسکیم کو پہلی مرتبہ شفاف اور منظم طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور طلبہ نے گورنر سندھ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لیپ ٹاپس طلبہ کے تعلیمی و تحقیقی مواقع میں اضافہ کریں گے اور انہیں ڈیجیٹل دنیا میں آگے بڑھنے میں مدد دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close