سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کس طرح بڑھے گی؟

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

فنانس بل کے مطابق نئے پے اسکیلز میں 2022 کے 15 فیصد اور 2025 کے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا۔ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا جبکہ اسکیل ایک سے 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 کے تحت بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد ملے گا۔

فنانس بل میں کنوینس الاؤنس میں موجودہ رقم کے مقابلے میں 50 فیصد اضافے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ سول آرمڈ فورسز کے لیے کانسٹینٹ اٹینڈنٹ الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کے لیے اسپیشل پے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔ اسی طرح نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اسکیل ایک سے 22 تک کے ملازمین کا اسپیشل الاؤنس 10 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔

اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close