لاہور: پنجاب حکومت نے دیہی ترقی کے بڑے منصوبے “مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت صوبے کے 485 دیہات کو مثالی گاؤں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے مثالی گاؤں پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 40 لاکھ افراد کو جدید اور بہتر میونسپل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے آئندہ مالی سال میں مزید 39 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیر بلدیات نے جاری مالی سال کے لیے مختص 6 ارب 67 کروڑ روپے میں سے 6 ارب 7 کروڑ روپے کے استعمال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ پروگرام کے پہلے مرحلے کو دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے تاکہ دیہی آبادی کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مستقبل میں اس پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے 7 ہزار 500 دیہات تک بڑھایا جائے گا، جس سے دیہی علاقوں میں ترقی اور معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






