اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال ملک میں بارشیں معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں زرعی پیداوار متاثر ہونے اور موسمی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر محمد افضل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ موسم کے دوران بارشوں کی کمی متوقع ہے، جس سے مختلف فصلوں بالخصوص چاول کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ چاول کی فصل کو زیادہ پانی درکار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں میں کمی کے باعث زرعی شعبے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ موسمی اور وبائی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق کم بارشوں کے باوجود سیلاب کے خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے اور مختلف شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان برقرار رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موسمیاتی نظام ایل نینو کے اثرات بھی برقرار رہیں گے، جس کے باعث موسم کی شدت اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلیوں کے تناظر میں پانی کے مؤثر استعمال اور زرعی منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






